جویریہ خان نے ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز حاصل کرلیا

جویریہ خان نے ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز حاصل کرلیا

 08:02 pm  

جویریہ خان 100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے  والی چوتھی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔

پاکستانی خاتون کھلاڑی کو یہ اعزاز آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے دوران جنوبی افریقہ کے  خلاف میچ میں حاصل ہوا۔ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والی بسمہ معروف انجری کے  باعث میگا ایونٹ سے  باہر ہوگئی تھیں۔ بسمہ معروف کی جگہ جویریہ خان کو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت تھمائی گئی تھی۔

2009 میں پاکستان کی جانب سے اپنا پہلی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی جویریہ خان تاحال پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں 22 کی اوسط سے  اب تک 1826 رنز بناچکی ہیں۔ان کے  ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 8 نصف سنچریاں شامل ہیں تاہم انہیں پاکستان کی جانب سےخواتین کرکٹ میں سب سے زیادہ ،204، چوکے  لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

جویریہ خان نےآئی سی سی ویمنزٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2018 میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ تاحال 11 میچوں میں پاکستان کی قیادت کرچکی ہیں۔ جویریہ خان کے علاوہ بسمہ معروف، ثناء میراور ندا ڈارکوپاکستان کی جانب سے100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔  بسمہ معروف تاحال 108، ثناء میر 106اور ندا ڈار 101 ٹی  ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔

جویریہ خان نے کہا کہ اپنے 100ویں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی قیادت کرنا ان کے  لیے اعزاز کی بات ہے، گذشتہ 11 سال سے پاکستان کے لیے کرکٹ کھیل رہی ہوں اور یہ لمحات ہمیشہ یادگار رہیں گے جب کہ خوش ہوں کہ پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے گذشتہ 11 سالوں میں بہت پذیرائی حاصل کی ۔

جویریہ خان نے جنوبی افریقہ سے  شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں نے میچ کے دوران  بھرپور جان لڑائی مگر کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2019 Urdu News. All Rights Reserved