ننکانہ صاحب واقعے پر بھارتی بیانات؛ انڈین ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

ننکانہ صاحب واقعے پر بھارتی بیانات؛ انڈین ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

 05:31 pm  

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ 

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں بھارتی ناظم الامور گورو اہلوالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بے بنیاد بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ڈی جی ساوٴتھ ایشیا زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامور گورو اہلوالیا کو احتجاجی مراسلہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سکھ کمیونٹی کے حوالے سے بے بنیاد اور من گھڑت بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام پر حملہ کا الزام بے بنیاد ، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے، پشاور میں سکھ نوجوان کے قتل کو ٹارگٹ کلنگ کا نام دے کر بھارت مذموم مقاصد کے حصول کی ناکام کوشش کررہا ہے۔

واضح رہے کہ ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان چوک میں چند مقامی افراد نے گرفتار افرادکی رہائی کیلیے پولیس کے خلاف احتجاج کیا تھا، اس احتجاج  کی قیادت کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2019 Urdu News. All Rights Reserved