وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں، ایم کیو ایم پاکستان

وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں، ایم کیو ایم پاکستان

 07:27 pm  

کراچی: ترجمان متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا ہے وزارتوں کے لیے نہیں، وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں لیکن حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کریں گے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم وزارتوں کے بجائے عوامی حقوق کی سیاست کررہی ہے، بلاول اپنی جماعت کے 12 سالہ دورِ حکومت میں سندھ اور بالخصوص کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کو اپنے ایجنڈے میں شامل کریں، ایم کیو ایم کو وزارتوں کی پیشکش کرنے کے بجائے بلاول بھٹو مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں، پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے قانون میں ترمیمی بل لائے تو متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔

ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی واٹربورڈ، کے ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام شہری اداروں کو مقامی حکومت کے ماتحت کرے، سالانہ ساڑھے تین سو ارب روپے صوبائی حکومت کو دینے کے باوجود کراچی کی تقدیر نہیں بدلی، جتنے بھی ترقیاتی منصوبے وفاق یا سندھ حکومت نے شروع کیے ہیں وہ کراچی کے لیے ناکافی ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو زیادتیوں پر آواز بلند کر رہی ہے، ایم کیو ایم کی سیاست وزارتوں کے لیے نہیں بلکہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہے۔

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2019 Urdu News. All Rights Reserved