اسلامک یونیورسٹی میں طلبا تنظیموں میں تصادم، ایک طالب علم جاں بحق اور 8 زخمی

اسلامک یونیورسٹی میں طلبا تنظیموں میں تصادم، ایک طالب علم جاں بحق اور 8 زخمی

 07:52 pm  

 اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم کے باعث ایک طالب علم جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے، رینجرز نے یونیورسٹی کا کنٹرول سنبھال لیا اور کمروں کی تلاشی شروع کردی۔

دو طلبا تنظیموں کے درمین تصادم کے باعث انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کا ہاسٹلز میدان جنگ بن گیا، تصادم کے نتیجے میں 9 طلبا زخمی جب کہ ایک طالب علم طفیل جاں بحق ہوگیا۔ زخمی طلبا میں مرتضی احمد،علی نقوی عمار، ضیا شفیق، اسامہ امیر، جمال، نعمان زمان، فیصل اقبال، عبدالرحمان اور معراج ملک شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ طالب علم طفیل کی ہلاکت سر پر اینٹوں کا بلاک لگنے سے ہوئی، ہاسٹل کے اوپر سے مخالف طلباء نے اینٹیں پھینکیں، طفیل کا تعلق گلگت سے ہے اور وہ اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کا طالب علم تھا۔

اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی ایکسپو تقریب منعقد ہورہی تھی جس میں لیاقت بلوچ بطور مہمان خصوصی شریک تھے، اسی دوران سرائیکی اسٹوڈنٹ کونسل نے تقریب پر حملہ کردیا۔

ڈی آئی جی وقار الدین سید نے بتایا  کہ تصادم سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا  جس نے ہوسٹلز کی تلاشی لی۔ دریں اثنا واقعے کے بعد کل جامعہ میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے اور تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2019 Urdu News. All Rights Reserved