امریکا میں بیکری سے 50 ڈالر چوری کرنے والے شخص کی 35 سال بعد رہائی

امریکا میں بیکری سے 50 ڈالر چوری کرنے والے شخص کی 35 سال بعد رہائی

 05:40 pm  

الباما: امریکا میں ایک بیکری سے چاقو کے زور پر 50 ڈالر چوری کرنے والے سیاہ فام شخص کو 35 سال بعد رہائی مل گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الباما میں ایک مجرم عمر قید کی سزا کاٹنے کے بعد بالآخر رہا ہوگیا تاہم اپنی زندگی کے 35 قیمتی سال اُس نے محض 50 ڈالر کی چوری کے جرم میں کاٹے۔الوین کینراڈ نے 1983 میں 22 سال کی عمر میں اپنے دوست کے ہمراہ چاقو دکھا کر بیکری کے مالک سے 50 ڈالر ہتھیالیے تھے اسے ابتدائی طور پر 3 سال کی قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم بعد ازاں اس میں توسیع کی جاتی رہی۔

معمولی سے جرم کی 35 سال قید کی انوکھی سزا کی وجہ الباما کے عادی سنگین مجرموں سے متعلق قانون  ’Habitual Felony Offender Act ‘ ہے جس کے تحت اگر ایک شخص دو سے زائد بار کسی جرم میں ملوث پایا گیا ہے تو اسے طویل ترین سزا دی جاتی ہے۔

اس کیس میں بھی الوین کینراڈ کے ساتھ ایسا ہی ہوا، بیکری میں چوری سے قبل اسے ایک گیس اسٹیشن میں بھی چوری کرنے پر پکڑا گیا تھا جس کے باعث الوین کو ’عادی مجرم‘ قرار دے دیا گیا تھا۔

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2019 Urdu News. All Rights Reserved